وہ ہاشمی جس کو ذوالفقاربھٹو نے 1973میں برطانیہ کا ہائی کمشنربننے کی پیش کش کی، بدلے میں صرف یہ مانگا کہ وہ حکومت کے خلاف تحریک چلانا چھوڑدے مگر ہاشمی نے پیش کش ٹھکرادی
وہ ہاشمی جس نے ایوان میں جنرل ضیاالحق کو للکارا اور کہاکہ اسے کوئی حق نہیں ہے قومی اسمبلی میں تقریر کرنے کا ۔۔۔وہ ہاشمی آج ہارگیاہے
وہ ہاشمی جوپرویز مشرف کی آمریت کے آگے اس وقت ڈٹ گیا جب ملک میں کوئی بڑی سیاسی شخصیت نہیں تھی، بغاوت کے جرم میں ہاشمی کو 22سال قید کی سزاسنادی گئی، ہاشمی نے معافی نہ مانگی
وہ ہاشمی جس کی جیل سے ضمانت کے لیے خود اس کی پارٹی کے لوگ بہانے بازیاں کرتے رہے ، دھرتی کا یہ فرزند اپنوں سے بھی لڑگیامگر اصولوں پر سودے بازی نہیں کی
وہ ہاشمی جو2008کی کابینہ میں اس لیے شامل نہیں ہواکہ اس کو پرویز مشرف جیسے آمر سے حلف لینا پڑتا، اس کی پارٹی نے حلف لیا، ہاشمی اپنے اصولوں پرڈٹارہا
وہ ہاشمی جس نے عروج کے دنوں میں مسلم لیگ ن کو چھوڑدیااور تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی
وہ ہاشمی جب پوری تحریک انصاف نے استعفوں کے اعلان کے باوجود استعفیٰ نہ دیئے تووہ اپنے اعلان پر ڈٹ گیااور اسمبلی کے فلور پر اپنا استعفیٰ دے کر پھر عوام میں چلاآیا
وہ ہاشمی جس نے تحریک انصاف کو اس کے پورے عروج کے دنوں میں چھوڑا
وہ ہاشمی آج ایک ایسی جماعت سے ہارگیا ہے ، جو الیکشن کو دھاندلی سمجھتی ہے مگر جاوید ہاشمی کے مقابلے میں ایک امیدوارکی حمایت کی
وہ ہاشمی آج ایک ایسی جماعت سے ہارگیاہے ، جو انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات پر یقین ہی نہیں رکھتی تھی مگر ہاشمی کے مقابلے میں پیپلزپارٹی کے لوٹے ایک کرپٹ امیدوارکی حمایت کی
وہ ہاشمی جس پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں، ایک ایسے شخص کے مقابلے میں ہارگیا، جس کانام ملتان میں کرپشن کی علامت ہے
وہ ہاشمی جس نے سیاست کاآغاز اس وقت کیا، جب نوازشریف، آصف زرداری اورعمران خان سیاست کی الف بے سے واقف نہیں تھے، قوم کابزرگ سیاست دان تماشہ بنادیاگیا
وہ ہاشمی ہارکربھی شاید امررہے گا، اس نے ہار کربھی یہ ثابت کردیاکہ دیکھو یہ وہی الیکشن کمیشن ہے ، جس پر تم دھاندلی کا الزام لگاتے ہو، دیکھو میں اسی نظام میں ہارگیاہوں، دیکھو اگرتم آج جیت گئے ہوتو اپنی کل کی ہار بھی تسلیم کرو
یہ بہت سے لوگوں کے لیے دعاہوگی مگر اہل دل جانتے ہیں کہ اس سے بدترین بددعا اس قوم کے لیے اور کوئی نہیں ہوسکتی
خداتم پرعمران خان کو مسلط کرے










0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔